22 جولائی 2017 - 15:04
بہار میں اوقاف کی بازیابی کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں پر پولیس حملے کے خلاف مجلس علمائے ہند کی پریس کانفرنس

بہار کے شہر مظفرپور میں وقف مافیاؤں اور وقف اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کر رہے نمازیوں پر ضلع انتظامیہ کی بربریت اور لاٹھی چارج کے خلاف آج مجلس علماء ہند کی جانب سے مولانا سید کلب جواد نقوی کی رہائش گاہ پرایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بہار کے شہر مظفرپور میں وقف مافیاؤں اور وقف اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کر رہے نمازیوں پر ضلع انتظامیہ کی بربریت اور لاٹھی چارج کے خلاف آج مجلس علماء ہند کی جانب سے مولانا سید کلب جواد نقوی کی رہائش گاہ پرایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی ۔پریس کانفرنس میں وقف مافیائوں کے ساتھ پولس کی ملی بھگت اور نمازیوں پر بے رحمانہ لاٹھی چارج اور تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔۲۱ جولائی کو نماز جمعہ کے بعد وقف مافیائوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولس نے بے رحمی کے ساتھ لاٹھی چارج کیا اور تشدد کا مظاہرہ کیا جسکے نتیجہ میں مولانا شبیب کاظم آئ سی یو میں ایڈمٹ ہیں اور انکے کئ ساتھی شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس واقعہ کے فورا بعد مولانا سید کلب جواد نقوی نے وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ سے فون پر بات کی اور نمازیوں پر ہوئے لاٹھی چارج ،انکی گرفتاری اور وقف مافیائوں کی ضلع انتظامیہ سے ملی بھگت کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی مولانا اور نمازیوں کورہا کردیا جائے گا ساتھ ہی وقف مافیائوں کے خلاف کاروائی کا یقین بھی دلایا۔
    پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ وقف املاک پر وقف مافیائوں کے ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج کررہے علماء اور عوام پر ضلع انتظامیہ کی بربریت قابل مذمت ہے ۔عورتوں ،بچوں اور بوڑھوں پر بے رحمانہ لاٹھی چارج کی گی ۔مولانا شبیب کاظم اور انکے اہل خانہ پر بھی تشدد کیا گیا ۔لاٹھی چارج کے نتیجہ میں کئی افراد شدید زخمی ہیں اور کئ لوگوں کے ہاتھوں پیروں میں فیکچر بھی ہوا ہے ۔ہم اس پورے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔مولانا نے حکومت بہار سےاوقاف کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بہار حکومت کو چاہئے کہ وہ اوقاف کے تحفظ کو یقینی بنائے اور وقف مافیائوں پر شکنجہ کسے۔ مولانا نےکہاکہ حکومت بہار وقف مافیائوں سے ملی بھگت کے بعد ضلع انتظامیہ کے ذریعہ نمازیوں پر کئے گئے جان لیوا حملے اور بربریت کی جانچ کراتے ہوئے وقف مافیائوں اور مجرمین کے خلاف سخت کاروائی کرے ۔مولانا نے کہاکہ حکومت بہار یاد رکھے کہ کوئی بھی حکومت ظلم کے ساتھ قائم نہیں رہ سکتی ہے ۔ظلم کے نتیجہ ہی میں سماجوادی سرکار اور کانگریس کا صفایا ہواہے ۔لہذا بہار حکومت مظلوموں کی حمایت کرے اور وقف مافیائوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔مولانا نے بتایا کہ طے پایاہے کہ اگر جلد ہی مولانا شبیب کاظم اورانکے ساتھیوں کو رہا نہیں کیا گیا تو بہار بھون کے سامنے زبردست مظاہرہ کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں مولانا رضا حسین ،مولانا حبیب حیدرعابدی،مولانا نثار احمد ،مولانا فیروز حسین ،مولانا صفدر حسین جونپوری،مولانا حسن مہدی غازی پوری،مولانا اسیف جائسی،مولانا ارشد جعفری،مولانا شاہنواز حسین اور مولانا تنویر عباس پریس کانفرنس میں موجود رہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲